صنعاء،یکم اپریل؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)خانہ جنگی کے شکار ملک یمن میں فعال القاعدہ کی ذیلی شاخ اور معاون تنظیم انصارِ الشریعہ نے صوبے لحِج کے مقام الحوطہ میں کیے گئے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ جہادی تنظیم کے مطابق پیر کے روز یہ خودکش حملہ ابو عمر الحدرامی نامی جنگجو نے کیا تھا۔ خودکش حملہ ایک سرکاری عمارت پر کیا گیا تھا اور اس میں کم از کم چھ فوجی اور چار سویلین مارے گئے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے بارود سے بھری کار کو ٹکرانے سے قبل ہی تباہ کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ تین دوسرے حملہ آوروں کو بھی یمنی فوجیوں نے ہلاک کر دیا تھا۔ انصار الشریعہ کے بیان کے مطابق یہ حملہ یمنی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا جواب تھا۔